کراچی: (نیا محاذ) شہر قائد میں ٹریفک کا ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ سکھن کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر 10، نورانی ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 22 سالہ منیب اور 20 سالہ شایان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے 24 سالہ داؤد خان کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کی مدد سے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو گہرے صدمے کا سامنا ہے۔
پولیس حکام نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
