0

پہلگام واقعہ: مودی حکومت نے فوج کو کارروائی کی اجازت دے دی، شمالی کمانڈ میں تبدیلی

نئی دہلی: (نیا محاذ) بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد اپنی فوج کو پاکستان کے خلاف ممکنہ کارروائی کی کھلی اجازت دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، اور وزیراعظم مودی نے فوج کو ردعمل کا اختیار دے دیا۔ مودی نے کہا کہ ردعمل کا وقت، طریقہ اور مقام کا تعین بھارتی فوج خود کرے گی۔
خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی حکومت نے رسمی طور پر پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے۔ اس تناظر میں نریندر مودی آئندہ روز سکیورٹی، معاشی اور سیاسی امور پر کابینہ کمیٹی کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
پاکستان بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی فوج نے بھی بڑی تبدیلی کرتے ہوئے شمالی کمانڈ میں اہم ردوبدل کیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل سکھیندرا کمار کو ہٹا کر ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما کو نیا کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔ پراتک شرما اس وقت بھارتی فوج کے نائب سربراہ برائے اسٹریٹیجی تھے۔
واضح رہے کہ ادھم پور میں قائم بھارت کی شمالی کمانڈ مقبوضہ جموں و کشمیر، لداخ اور پاکستان و چین کے خلاف کارروائیوں کی ذمہ داری سنبھالتی ہے۔ اس کمانڈ میں قیادت کی تبدیلی بھارت کی طرف سے کشیدگی کو بڑھانے کا اشارہ تصور کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں