مشی گن: (نیا محاذ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر نیشنل گارڈز سے خطاب کرتے ہوئے فوجی اخراجات میں 12 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت فوجی بجٹ میں ایک ٹریلین ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا۔
مشی گن میں خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ نیشنل گارڈ کو مزید 21 ایف-15 جنگی طیارے فراہم کیے جائیں گے تاکہ امریکہ کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ منصفانہ ٹیرف معاہدہ کرنے جا رہا ہے، جبکہ بھارت اور فرانس بھی امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے خواہاں ہیں۔
ٹرمپ نے ٹیرف پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان اقدامات نے عالمی منڈیوں کو متاثر کیا ہے، تاہم یہ طویل مدت میں امریکی معیشت کو مضبوط بنانے کا باعث بنیں گے۔
انہوں نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میری مقبولیت میں کمی سے متعلق خبریں جھوٹا پراپیگنڈا ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے عدلیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ بعض جج ان کی انتظامیہ کے فیصلوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ ٹرمپ نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ صدارتی اختیارات میں مداخلت کو روکے۔
انہوں نے موجودہ صدر جو بائیڈن پر الزام لگایا کہ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں سیاسی انتقام کے طور پر ٹرمپ کی انتظامیہ کو نشانہ بنایا۔