0

خطے میں کشیدگی، پاکستان پر سائبر حملوں کا خطرہ: نیشنل سرٹ کی ایڈوائزری جاری

اسلام آباد: (نیا محاذ) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے ممکنہ سائبر حملوں کے خطرات پر خبردار کرتے ہوئے اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جنوبی اور وسطی ایشیا کی موجودہ صورتحال کا ہیکرز فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور وہ پاکستان کے سرکاری اداروں اور حساس انفراسٹرکچر کو سائبر حملوں کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔
نیشنل سرٹ نے خبردار کیا ہے کہ دفاعی، مالیاتی اور میڈیا کے شعبے خاص طور پر سائبر حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں، جہاں اسپیر فشنگ، مالویئر اور ڈیپ فیکس جیسے جدید طریقے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ حملہ آور نہ صرف اداروں کی حساس معلومات چوری کر سکتے ہیں بلکہ اسٹریٹیجک انفراسٹرکچر کی سروسز کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر فنانشل اداروں اور بینکنگ نظام میں خطرات میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
نیشنل سرٹ نے تمام حکومتی اداروں کو فوری طور پر سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانے، سسٹمز کا سکیورٹی آڈٹ کرانے اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ایڈوائزری میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ سائبر حملے نہ صرف سیاسی عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں بلکہ عوامی اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں