0

اندور: شادی کی تقریب میں بجلی غائب ہونے پر دلہے کا ہنگامہ، دلہن پر تشدد، شادی منسوخ

اندور: (نیا محاذ) بھارت میں شادی کی تقریب اس وقت میدان جنگ بن گئی جب تقریب کے دوران بجلی چلے جانے پر دلہے نے طیش میں آ کر دلہن پر تشدد کیا اور بارات واپس لے گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ مدھیا پردیش کے شہر اندور کے علاقے بنگنگا میں پیش آیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن والے بارات کا استقبال کرنے کے لیے تیار کھڑے تھے۔ دولہا ہیمنت کیتھواس کی آمد کے فوراً بعد بجلی غائب ہو گئی جس پر دلہن والوں نے متبادل انتظامات کی کوشش کی، مگر دولہا اور باراتی مشتعل ہو گئے۔
بات تلخ کلامی سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ بارات میں موجود افراد نے دلہن کے گھر والوں کو زدوکوب کیا، سامان توڑ پھوڑ دیا اور دلہن کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے باراتی واپس جا چکے تھے۔
دلہن نے پولیس کو بتایا کہ جب بجلی گئی، تو اہل خانہ اس کی بحالی میں لگے ہوئے تھے، لیکن دولہے اور اس کے اہل خانہ نے بدتمیزی شروع کر دی اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔ دولہے نے شادی منسوخ کرتے ہوئے بارات واپس لے جانے کا اعلان کیا۔
پولیس کے مطابق دلہن کی شکایت پر دولہا ہیمنت کیتھواس سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں