0

اتر پردیش: پنیر کم ملنے پر نوجوان کا خطرناک انتقام، شادی کی تقریب میں منی بس چڑھا دی، 5 افراد زخمی

اتر پردیش: (نیا محاذ) بھارت میں ایک انتہائی حیران کن اور افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب شادی کی تقریب میں پنیر کم ملنے پر نوجوان نے مشتعل ہو کر منی بس لوگوں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جن میں دلہن کے والد اور چچا بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اتر پردیش کے گاؤں حمید پور میں پیش آیا، جہاں دلہا راجناتھ یادو اپنی بارات لے کر پہنچا تھا۔ تقریب کے دوران ایک نوجوان نے کھانے میں مزید پنیر کا مطالبہ کیا لیکن دلہن کے والد کے انکار پر جھگڑا شروع ہو گیا، جو تلخ کلامی سے بڑھ کر ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گیا۔ دلہن کے والد نے نوجوان کے سر پر بڑا چمچہ دے مارا جس سے وہ مشتعل ہو گیا۔
نوجوان نے انتقام لینے کے لیے منی بس تقریب میں موجود افراد پر چڑھا دی۔ اس حملے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ملزم واقعے کے بعد گاڑی سمیت فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق شادی کی تقریب کو وقتی طور پر روک دیا گیا تھا، تاہم اگلے روز پولیس کی نگرانی میں تقریب مکمل کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں