0

پنجاب کے بڑے شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، دیہی علاقوں میں بھی ڈویلپمنٹ کا آغاز

نیا محاذ: لاہور — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں صوبے کے بڑے شہروں میں مرحلہ وار تعمیر و مرمت اور بحالی کے منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ابتدائی مرحلے میں 59 بڑے شہروں میں سیوریج اور ڈرینج انفراسٹرکچر کی تعمیر کی جائے گی، بارش کے پانی کے فوری نکاس کے لیے رین واٹر اسٹوریج ٹینکس بنائے جائیں گے، جبکہ واٹر سپلائی ٹیوب ویلز کو سولر انرجی پر منتقل کر کے بجلی کے بلوں کا بوجھ کم کیا جائے گا۔ گلیوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ٹف ٹائلز کی تنصیب اور پارکس کی ڈویلپمنٹ بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت دی کہ پارکس میں بچوں کے لیے جھولے اور کھیلوں کی دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کے دیہی علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کا آغاز کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جہاں ڈرینج سسٹم کی تعمیر و مرمت، گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب، مرکزی قبرستانوں کی چار دیواری اور صفائی کا اہتمام کیا جائے گا۔
دیہات میں ماحولیاتی بہتری کے لیے جوہڑوں کی بائیوٹیکنالوجی سے صفائی کا انقلابی پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں مخصوص پودے لگا کر گندگی اور بدبو کا خاتمہ کیا جائے گا۔ یہ پودے ماحول کو صاف کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں دیہی سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت 4500 کلومیٹر دیہی سڑکیں تعمیر و بحال کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں ہر یونین کونسل میں میٹنگ ہال، کونسل روم اور سیکرٹری آفس بنانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام تاریخ کا سب سے بڑا صفائی مہم ہے اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صوبے کو صاف رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں