نیا محاذ: اسلام آباد — اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب افتخار احمد نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ممالک کو مالی معاونت گرانٹس کی صورت میں فراہم کی جائے۔
سلامتی کونسل میں پناہ گزینوں کے مسئلے پر ہونے والے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ دنیا کا پناہ گزین بحران پر ردعمل نہایت ناکافی اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جاری تنازعات نے دنیا کے طویل ترین پناہ گزین بحرانوں میں سے ایک کو جنم دیا ہے اور پاکستان نے ہمیشہ لاکھوں افغان پناہ گزینوں کو چیلنجز کے باوجود تحفظ، پناہ اور مواقع فراہم کیے۔
پاکستانی مندوب نے مشرق وسطیٰ کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ بھی جبری نقل مکانی کے شدید بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے، جہاں فلسطینی پناہ گزین اب تک اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ سکے۔ افتخار احمد نے نشاندہی کی کہ عالمی سطح پر جبری بے دخلی کا بحران تباہ کن حد تک بڑھ چکا ہے اور اب تک 12 کروڑ سے زائد افراد اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے تنازعات کو روکنے اور موجودہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، تاکہ جبری نقل مکانی کے اس بڑھتے ہوئے بحران کو کنٹرول کیا جا سکے۔
