0

بلاول بھٹو کی بھارت کو پہلگام حملے کی غیرجانبدار انکوائری کی پیشکش

نیا محاذ: کراچی — چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو پہلگام حملے کی غیر جانبدار انکوائری کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک غیر ملکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے پہلگام واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے ہر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنا ایک غیر منصفانہ اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے اور امن کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی دھمکی انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں خبردار کیا کہ اگر بھارت نے ایک بوند پانی بھی روکا تو اسے پاکستان ایک اعلان جنگ کے مترادف سمجھے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے اور تمام معاملات کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں