0

ای او بی آئی پنشنرز کیلئے خوشخبری: یکم مئی سے پنشن میں اضافہ، لاکھوں افراد مستفید ہوں گے

اسلام آباد: (نیا محاذ) ای او بی آئی پنشنرز کی دیرینہ درخواست بالآخر سنی گئی، حکومت نے یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پنشن میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ اس اقدام سے ملک بھر میں تقریباً 5 لاکھ پنشنرز کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
گزشتہ روز چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت اوورسیز پاکستانی اور ای او بی آئی کے مالی امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ای او بی آئی بورڈ آف ٹرسٹیز نے کم از کم پنشن کو 10 ہزار سے بڑھا کر 11 ہزار 500 روپے کر دیا ہے، جب کہ 10 ہزار روپے سے زائد پنشن لینے والوں کیلئے 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا، تاہم اس کا باضابطہ اعلان یومِ مزدور (یکم مئی) پر کیا جائے گا تاکہ مزدوروں کے عالمی دن پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔
اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ ای او بی آئی نے سابقہ ادوار میں تقریباً 2 ارب 79 کروڑ روپے کی فیک پنشنرز کو ادائیگیاں کیں۔ ساتھ ہی آڈٹ پیراز میں بتایا گیا کہ ملازمین کی عمریں تبدیل کر کے 5 ہزار افراد کو پنشن دی گئی، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ای او بی آئی حکام نے وضاحت کی کہ ادارہ 1976 سے قائم ہے اور نادرا سے قبل کے شناختی نظام پر انحصار کرتا تھا، تاہم اب عمر کے تعین کے لیے دیگر ذرائع بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ادارے کے فنڈز کی کل مالیت 600 ارب روپے ہے جبکہ اس وقت صرف 38 فیصد منظور شدہ عملہ تعینات ہے، جس کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ بھرتیوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور نئے افسران جلد تعینات ہوں گے۔
یہ اضافہ نہ صرف پنشنرز کے لیے ریلیف کا باعث بنے گا بلکہ مہنگائی کے دور میں ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں