0

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی چین اور ترکیہ کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

نیا محاذ: اسلام آباد — چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی چین اور ترکیہ کے سرکاری دورے مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق، چیف جسٹس نے چین میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے چیف جسٹس صاحبان اور اعلیٰ عدالتی حکام کی کانفرنس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران عدالتی امور سے متعلق اہم موضوعات پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے افتتاحی خطاب میں عدالتی اصلاحات، جدید ٹیکنالوجیز کے عدالتی نظام میں استعمال اور انصاف کی فراہمی میں بہتری کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ان کی ایران اور ترکیہ کے چیف جسٹس صاحبان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
کانفرنس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں رکن ممالک نے شنگھائی تعاون تنظیم کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل نظم و نسق، مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ ٹیکنالوجیز کے عدالتی استعمال پر زور دیا گیا۔ ثالثی، مصالحتی طریقوں کے فروغ اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ اعلان کیا گیا کہ اگلی شنگھائی تعاون تنظیم چیف جسٹسز کانفرنس 2026 میں اسلامی جمہوریہ ایران میں منعقد ہوگی۔
چین میں مصروفیات مکمل کرنے کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ترکیہ روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے استنبول میں ترکیہ کی آئینی عدالت کی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے دورے کی کامیاب تکمیل کے بعد چیف جسٹس پاکستان واپس پہنچ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں