0

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر بھارتی انتہا پسندوں کا حملہ، برطانیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ

نیا محاذ: لندن — لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن پر بھارتی انتہا پسندوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ انتہا پسندوں نے ہائی کمیشن کی عمارت پر زعفرانی رنگ پھینکا اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے، جس سے سفارتی املاک کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک بھارتی انتہا پسند کو گرفتار کر لیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل بھی بھارتی انتہا پسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کر کے دھمکیاں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمیشن پر حملہ ایک انتہائی تشویشناک واقعہ ہے اور عملے کی رہائش گاہوں کو بھی خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ہائی کمیشن کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے اور حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کسی قسم کی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والا ملک نہیں اور جس زبان میں بات کی جائے گی، اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
پاکستانی حکام نے برطانوی دفتر خارجہ کے ساتھ باضابطہ طور پر اس واقعے پر احتجاج درج کروا دیا ہے اور ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں