0

غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری، چمن بارڈر سے ہزاروں افراد روانہ

نیا محاذ: کوئٹہ — پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ چمن بارڈر کے راستے تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب بنگلزئی نے ہولڈنگ کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے افغان شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق، سرحدی علاقے زیرو پوائنٹ پر افغان باشندوں کے لیے خصوصی ہولڈنگ کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے ان کی وطن واپسی کو منظم انداز میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم اپریل سے اب تک 41 ہزار سے زائد افغان شہری چمن بارڈر کے ذریعے اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔
حبیب بنگلزئی نے مزید کہا کہ ضلع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و امان بحال ہو چکا ہے، اس لیے افغان باشندوں کو خوشی اور عزت کے ساتھ اپنے وطن لوٹ جانا چاہیے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ افغان شہریوں کی واپسی کے عمل کو سہل اور باعزت طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں