0

کراچی میں ہیٹ ویو کا خاتمہ، پنجاب میں گرمی کی شدت برقرار — مریم نواز نے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی

کراچی/لاہور: (نیا محاذ) محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہواؤں کی جزوی بحالی کے باعث ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گئی ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کی لہر بدستور جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد رہا اور جنوب مغرب کی سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام تک سمندری ہوائیں مکمل بحال ہو جائیں گی، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ تاہم نمی کی زیادتی کے باعث گرمی کا احساس معمول سے 2 سے 3 ڈگری زیادہ رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب میں محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے کئی اضلاع میں ہیٹ ویو مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ خاص طور پر جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں شدید گرمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بہاولنگر میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دیگر کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر چولستان سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں