کراچی: (نیا محاذ) شہر قائد کے علاقے پاکستان بازار گلشن بہار میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق موٹرسائیکل سوار دو مسلح ملزمان ایک شہری سے ڈکیتی کی واردات کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ شہری نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے لائسنس یافتہ اسلحے سے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا زخمی ہو کر فرار ہو گیا۔
واقعے کے دوران ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر لڑکا بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے، جبکہ شہری کا اسلحہ فرانزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے، اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
