0

پہلگام حملے کے بعد بھارتی اقدامات، وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: (نیا محاذ) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے اور اس کے نتیجے میں 27 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف شدید اقدامات اٹھائے جانے پر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہوگی، جس میں بھارت کے مبینہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد کی داخلی و خارجی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں بھارت کے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے جیسے یکطرفہ اور ناقابل عمل اقدامات کا موثر جواب دینے کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں کہا کہ “جو بھارت کرے گا، ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔” انہوں نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی شواہد ہیں تو وہ پیش کرے، بصورت دیگر الزامات کا کوئی فائدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں نہ صرف سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے بلکہ سارک کے تحت پاکستانی شہریوں کو ویزے بند کرنے اور بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
پاکستانی قیادت کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل کا ملبہ ہمیشہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، تاہم پاکستان امن کا خواہاں ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں