واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین پر تجارتی محصولات (ٹیرف) میں کمی کا انحصار مکمل طور پر چینی قیادت کے اقدامات پر ہوگا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے دو سے تین ہفتوں میں چین کیلئے نئے ٹیرف طے کیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ “چین کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس رفتار سے ٹیرف میں نرمی چاہتا ہے۔ ہم ان کے طرز عمل کو دیکھ کر ہی فیصلہ کریں گے۔”
اس موقع پر انہوں نے کینیڈا سے گاڑیوں کی درآمد پر بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ کینیڈا سے آنے والی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “مجھے کینیڈا سے کاریں نہیں چاہئیں۔”
انہوں نے بھارت کے بارے میں کہا کہ انہیں توقع ہے کہ بھارت ٹیرف میں کمی کرے گا، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وہ جلد یوکرینی صدر کے ساتھ ایک ڈیل کرنے جا رہے ہیں، اور امکان ہے کہ یوکرین نے روس کے ساتھ بھی کسی معاہدے پر پیش رفت کی ہے۔ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے جلد ملاقات کا عندیہ بھی دیا۔
