0

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایتھوپین سفیر کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

لاہور: (نیا محاذ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران زراعت، صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارت کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ مریم نواز شریف نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ مشاورت ایک خوش آئند پیش رفت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایتھوپیا سے پاکستان کے لیے براہِ راست پرواز کی بحالی پر مبارکباد بھی دی، اور اسے دوطرفہ روابط میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔
ایتھوپین سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے حکومت پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی اور فلاحی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایتھوپیا پاکستان، خصوصاً پنجاب کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور تجارتی روابط کی ایک اہم کڑی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں