کیلیفورنیا: (نیا محاذ) واٹس ایپ صارفین کے لیے خوشخبری، انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن جلد ہی اسٹیٹس یا سٹوری میں طویل ویڈیوز شیئر کرنے کا فیچر متعارف کروا سکتی ہے۔
فی الحال صارفین واٹس ایپ اسٹیٹس پر ایک منٹ تک کی ویڈیو شیئر کر سکتے ہیں، تاہم نئی اپڈیٹس کے مطابق اس دورانیے کو بڑھا کر 90 سیکنڈز یعنی ڈیڑھ منٹ تک کیا جا رہا ہے۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی معروف ویب سائٹ کے مطابق یہ نیا فیچر آزمائشی بنیادوں پر محدود صارفین کو فراہم کیا گیا ہے۔ کامیاب تجربات کے بعد اس فیچر کو مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ اسٹیٹس پر ابتدائی طور پر صرف 30 سیکنڈز کی ویڈیو شیئر کی جا سکتی تھی، جسے بعد میں بڑھا کر ایک منٹ کر دیا گیا تھا۔ اب ڈیڑھ منٹ تک کی ویڈیو اپلوڈنگ کا فیچر صارفین کو مزید سہولت دے گا، خاص طور پر ان ویڈیوز کے لیے جو مکمل اظہار کے لیے طویل وقت کی متقاضی ہوتی ہیں۔
امکان ہے کہ آئندہ چند ماہ میں یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گا، جس سے واٹس ایپ کے اسٹیٹس کا استعمال مزید مقبول ہو جائے گا۔
