0

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری: 24 گھنٹوں میں 39 فلسطینی شہید، شہدا کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی

غزہ: (نیا محاذ) غزہ میں اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ تھم نہ سکا، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 39 نہتے فلسطینی شہید اور 105 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
غزہ سول ڈیفنس کے مطابق اسرائیلی حملوں کا نشانہ اس بار ہسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گاہوں کو بنایا گیا۔ جنوبی غزہ میں المواسی پناہ گاہوں پر اسرائیلی ڈرون حملوں میں کئی شہری شہید و زخمی ہوئے، جبکہ تازہ ترین حملے میں 10 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے۔
شہدا کی مجموعی تعداد افسوسناک طور پر 51 ہزار 300 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اب تک 1 لاکھ 17 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ بمباری سے کئی علاقوں میں عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں اور ملبے تلے دبے افراد تک رسائی ممکن نہیں رہی۔
غزہ میں انسانی بحران سنگین تر ہوتا جا رہا ہے، خوراک اور پانی کی شدید قلت نے 3 لاکھ 45 ہزار فلسطینیوں کو بدترین حالات سے دوچار کر دیا ہے، جو کئی دنوں سے فاقوں پر مجبور ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی کو خطرناک علاقہ قرار دے دیا گیا ہے، جس سے امدادی کاموں میں مزید رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں، جبکہ عالمی برادری تاحال خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں