شکارپور: (نیا محاذ) سندھ کے ضلع شکارپور کی تحصیل گڑھی یاسین میں دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خونریز تصادم میں بدل گئی۔ دو مخالف گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں جاری کشیدگی کو دیکھتے ہوئے مزید جانی نقصان کا خدشہ ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کو مورچہ بند تصادم سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ حالات کی سنگینی کے پیش نظر علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔
علاقہ مکین شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
