0

اوپن اے آئی کی گوگل کروم خریدنے میں دلچسپی، گوگل کی اجارہ داری کو چیلنج درپیش

کیلیفورنیا: (نیا محاذ) آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے میدان میں نمایاں مقام رکھنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے گوگل کروم براؤزر کو خریدنے میں گہری دلچسپی ظاہر کر دی ہے، جو انٹرنیٹ سرچ کی دنیا میں گوگل کی اجارہ داری کو ایک بڑا دھچکا دے سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اگست 2024 میں ایک امریکی جج نے گوگل پر آن لائن سرچ میں اجارہ داری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس اجارہ داری کو ختم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ مارچ 2025 میں امریکی محکمہ انصاف نے عدالت کو تجویز دی تھی کہ گوگل کو اپنا کروم براؤزر فروخت کر دینا چاہیے۔
اسی تناظر میں چیٹ جی پی ٹی کے سربراہ نک ٹرولے نے گوگل کے خلاف جاری عدالتی سماعت کے دوران بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر گوگل کروم براؤزر فروخت کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو اوپن اے آئی اسے خریدنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کا ارادہ ہے کہ اگر کروم ان کی ملکیت میں آتا ہے تو اس میں چیٹ جی پی ٹی کو مزید موثر انداز میں ضم کیا جائے گا تاکہ صارفین کو مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک جدید اور منفرد تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
نک ٹرولے کا کہنا تھا کہ فی الحال کروم صارفین پلگ انز کے ذریعے چیٹ جی پی ٹی سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں، لیکن اگر اوپن اے آئی اس براؤزر کی مالک بن گئی تو AI ٹیکنالوجی کو براؤزر کا لازمی اور مرکزی حصہ بنا دیا جائے گا۔
یہ بھی واضح رہے کہ گوگل کو حالیہ دنوں میں ایک اور قانونی چیلنج کا سامنا ہے، جس میں اس پر آن لائن اشتہارات کے میدان میں اجارہ داری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ گوگل کے خلاف محکمہ انصاف کی جانب سے کمپنی کے ٹکڑے کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاہم اسی دوران کمپنی کو AI ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں