0

اسحاق ڈار کا دو ٹوک پیغام: “بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے”

اسلام آباد: (نیا محاذ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھارت کے حالیہ اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے اور بھارت جو قدم اٹھائے گا، پاکستان اس کا جواب اسی انداز میں دے گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اپنایا ہے، اور اگر اس کے پاس کسی قسم کے شواہد موجود ہیں تو وہ عالمی سطح پر پیش کرے، محض الزامات لگا کر ماحول خراب کرنا قابل قبول نہیں۔
“امن چاہتے ہیں مگر کمزوری نہیں دکھائیں گے”
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا داعی ہے، مگر اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ کوئی ہمیں میلی آنکھ سے دیکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دہشتگردی کے واقعے کا غصہ غیر منطقی طریقے سے نکال رہا ہے اور اپنے داخلی مسائل کا بوجھ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی میں اہم فیصلے متوقع
اسحاق ڈار نے اس بات کا عندیہ بھی دیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور بھارت کے غیر سنجیدہ اقدامات کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
بھارتی اعلانات پر عدم سنجیدگی کا اظہار
انہوں نے بھارت کی جانب سے ویزے منسوخ کرنے، اٹاری بارڈر بند کرنے اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے جیسے اعلانات کو “غیر سنجیدہ اور وقتی اشتعال” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ بھارت کی ان حرکتوں کا نوٹس لے، کیونکہ یہ اقدامات نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں