کراچی: (نیا محاذ) شہر قائد میں تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات نے دو نوجوانوں کی جان لے لی۔ شہریوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پہلا حادثہ ملیر کے علاقے مین گوٹھ سولنگی اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر دیوار سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں 23 سالہ نوجوان علی بخش موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
دوسری جانب نیو کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر واقع صدیق اکبر مسجد کے قریب ایک نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل سوار 16 سالہ لڑکے کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی فوری شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ شہری حلقوں نے حکومت اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
