0

پہلگام میں خون کی ہولی، فائرنگ سے 27 افراد ہلاک، بھارت نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی

سری نگر: (نیا محاذ) مقبوضہ کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں ایک المناک واقعے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 27 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ریاست گجرات اور کرناٹک سے بتایا جا رہا ہے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور پولیس کی وردی میں ملبوس تھے اور ان کی تعداد دو سے تین بتائی گئی ہے۔
فائرنگ کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر کسی تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں بعد یہ سب سے خوفناک حملہ ہے، اور فوری تحقیقات کی ضرورت ہے کہ کتنے افراد متاثر ہوئے۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ امیت شاہ سری نگر روانہ ہو چکے ہیں جہاں وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور خفیہ ایجنسیوں سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے حسب روایت پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت ماضی میں بھی مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرتا رہا ہے تاکہ اندرونی سیاسی اور سیکیورٹی ناکامیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے۔
یاد رہے کہ 2019 میں پلوامہ حملہ بھی عالمی سطح پر فالس فلیگ آپریشن کے طور پر بے نقاب ہو چکا ہے، جس کا مقصد بی جے پی حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو سہارا دینا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں