رانی پور: (نیا محاذ) مہران ہائی وے پر تیز رفتار دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون کنڈیکٹر جاں بحق ہو گئی جبکہ 40 سے زائد مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پشاور سے آنے والی ایک مسافر بس اور کراچی سے راولپنڈی جانے والی دوسری بس مہران ہائی وے پر آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بسوں میں سوار متعدد افراد بری طرح زخمی ہو گئے، جن میں سے چار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی گمبٹ گمس اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تیز رفتاری اس افسوسناک واقعے کی بڑی وجہ بنی۔
دوسری جانب شجاع آباد میں بھی ایک اور ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں بستی داد انٹرچینج کے قریب ایک تیز رفتار کار حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ایک خاتون سمیت دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ کار سوار ظاہر پیر سے ملتان جا رہے تھے۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے دونوں حادثات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری کو ان حادثات کا بنیادی سبب قرار دیا جا رہا ہے۔
