لاہور / کراچی: (نیا محاذ) ملک کے مختلف میدانی علاقوں میں آج بھی گرمی نے اپنا زور برقرار رکھا ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 21 فیصد ریکارڈ کیا گیا، اور ہواؤں کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ شدید گرمی کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز جیکب آباد ملک کا گرم ترین شہر ثابت ہوا جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاڑکانہ، لسبیلہ، مٹھی، دادو اور میرپور خاص میں بھی درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
ادھر لاہور میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آج شہر کا کم از کم درجہ حرارت 21 جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چند روز کے دوران بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، خاص طور پر دیہی اور میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے زیادہ رہے گی۔ شہریوں کو پانی کا استعمال بڑھانے اور دھوپ سے بچاؤ کی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
