غزہ: (نیا محاذ) اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ میں فلسطینی عوام پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، خان یونس سمیت کئی علاقوں کو شدید فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 32 فلسطینی شہید ہو گئے۔
خان یونس میں ایک گھر پر حملے کے دوران آگ بھڑک اٹھی جس سے 11 افراد جھلس کر شہید ہو گئے۔ حالیہ حملوں کے بعد مجموعی شہادتوں کی تعداد 51 ہزار 266 تک جا پہنچی ہے، جبکہ ایک لاکھ 16 ہزار 991 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ اس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے۔ خوراک اور پانی کی شدید قلت کے باعث 3 لاکھ 45 ہزار سے زائد فلسطینی بھوک اور پیاس سے نڈھال ہیں، جبکہ طبی سہولیات کا بھی شدید فقدان ہے۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ہفتے کے روز دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی ہے تاکہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے۔
قطر کے وزیراعظم نے اسرائیلی محاصرے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا رویہ امن عمل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے کوششیں جاری ہیں لیکن اسرائیلی رویہ ان تمام کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے۔
