0

عمران خان کی وکلا سے اہم ملاقات، شیر افضل مروت پر برہمی اور پارٹی نظم و ضبط پر زور

راولپنڈی: (نیا محاذ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وکلا کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں، جہاں پارٹی امور پر کھل کر تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے شیر افضل مروت کے حالیہ بیانات پر شدید غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم کو ہدایت کی کہ وہ مروت کے الزامات کا واضح اور دو ٹوک جواب دیں۔ عمران خان نے کہا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی میں جان بوجھ کر پلانٹ کیا گیا تھا، اور اب اس سے جان چھوٹ گئی، جو کہ خوش آئند ہے۔
ملاقات میں مائنز اینڈ منرلز بل پر بھی بات ہوئی، جس پر عمران خان نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اس معاملے پر خصوصی ملاقات کے لیے بلایا۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو اختلافات ختم کرنے اور اتحاد برقرار رکھنے کی ہدایت کی تاکہ پارٹی کی ساکھ متاثر نہ ہو۔
عمران خان نے قانون کی عدم عملداری پر بھی تشویش ظاہر کی اور معروف قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ کو چیف جسٹس کو خط لکھنے کی ہدایت دی تاکہ عدالتی نظام کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
یہ ملاقات پارٹی کے اندرونی نظم و ضبط اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں