لاہور (نیا محاذ) — پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج “یومِ ارض” (Earth Day) منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور فطری ماحول کی بقا کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دینا ہے۔
یومِ ارض سب سے پہلے 1970ء میں عالمی سطح پر منایا گیا، اور آج دنیا کے 193 سے زائد ممالک اس دن کو ہر سال 22 اپریل کو عالمی اہمیت کے ساتھ مناتے ہیں۔ یہ دن بڑھتی ہوئی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی، گلوبل وارمنگ، جنگلات کی کٹائی اور دیگر ماحولیاتی خطرات کے خلاف شعور پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق زمین کو بچانے کے لیے نہ صرف حکومتوں بلکہ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ درختوں کی کٹائی روکنا، پلاسٹک کا کم استعمال، صاف توانائی کا فروغ، اور پانی و ہوا کی آلودگی پر قابو پانا زمین کی بقا کے لیے ضروری ہیں۔
پاکستان میں بھی مختلف تعلیمی اداروں، این جی اوز، اور ماحولیاتی تنظیموں کی جانب سے واکس، سیمینارز اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زمین کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ہی ہمیں قدرتی آفات اور ماحولیاتی تباہی سے بچا سکتی ہیں۔
