لاہور (نیا محاذ) — وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارتھ ڈے کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمین صرف ہماری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے، اور ہمیں اسے محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔
اپنے خصوصی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ زمین کے تحفظ کے لیے قدرتی وسائل، درختوں اور ماحولیات کی بقا ضروری ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ فضائی، زمینی اور آبی آلودگی جیسے چیلنجز نہ صرف ماحولیاتی توازن کو بگاڑ رہے ہیں بلکہ انسانی صحت کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں آج کے دور کا ایک بڑا عالمی مسئلہ بن چکی ہیں، اور ان سے نمٹنے کے لیے ہمیں اجتماعی سوچ، پالیسی سازی اور عوامی شعور کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ درخت لگانا، پلاسٹک کا کم استعمال، صاف توانائی کا فروغ اور ری سائیکلنگ جیسے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کو ایک بہتر ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے طلبا، نوجوانوں، ماحولیاتی کارکنان اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ارتھ ڈے کو صرف ایک دن نہ سمجھیں بلکہ زمین سے محبت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔
