کیلیفورنیا: (نیا محاذ) امریکا کے ایک جج نے فیصلہ دیا ہے کہ گوگل کا اشتہاری کاروبار غیر قانونی اجارہ داری کی بنیاد پر چل رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یو ایس ڈسٹرکٹ جج لیونی برنکیما نے اپنے فیصلے میں کہا کہ گوگل نے 1890 کے اجارہ داری کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر اشتہاری مارکیٹ میں اپنی اجارہ داری قائم رکھی ہے۔
یہ فیصلہ گوگل کے لیے ایک سال کے دوران دوسرا بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے۔ اس سے پہلے، اگست 2024 میں ایک اور امریکی جج نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ گوگل نے آن لائن سرچ مارکیٹ میں اجارہ داری قائم کی ہوئی ہے۔
گوگل نے اس نئے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کے مطابق، وہ نصف مقدمہ جیت چکے ہیں اور باقی کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
