0

وفاقی وزیر، اعظم نذیر تارڑ کا اعلان، بجلی مزید سستی ہوگی، زرعی اصلاحات کی نوید

جڑانوالہ: نیا محاذ کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں تاہم عوام کو جلد بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کی خوشخبری ملے گی۔
پنجاب کے علاقے جڑانوالہ میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زرعی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، اور زراعت کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پروگریسو فارمنگ کے ذریعے زراعت میں انقلاب برپا کیا، اسی لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی حکومت سے زرعی شعبے میں خصوصی تعاون کی درخواست کی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پاکستان کے ایک ہزار زرعی گریجویٹس چین میں جدید زرعی تربیت کے لیے بھیجے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں زراعت کو سائنسی بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ایک زمیندار خاندان سے ہوں اور جانتا ہوں کہ اچھی پیداوار کے لیے معیاری بیج ناگزیر ہیں۔ وزیر اعظم اس حوالے سے سیڈز ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے زرعی اجناس کے حالیہ بحران کو وقتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپورٹنگ پرائس کے خاتمے سے جو مشکلات پیدا ہوئیں، وہ وقتی ہیں۔ اسی طرح 80 کی دہائی میں چاول کی سپورٹنگ پرائس ختم ہونے پر بھی کچھ عرصہ کے لیے مسائل پیدا ہوئے تھے، مگر بعد میں مارکیٹ نے توازن پیدا کر لیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کسانوں کو سستی کھاد کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور گندم اگانے والے زمینداروں کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کے لیے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکیج جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں وفاقی حکومت بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی لائے گی، اور کھاد کی قیمتیں کم کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں