0

بہاول پور میوزیم میں عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر تقریبات، وزیٹرز کے لیے مفت داخلہ اور گائیڈ ٹور کا اہتمام

نیا محاذ: بہاول پور میوزیم میں عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں آگاہی واک، دستاویزی فلم کی نمائش، فری گائیڈ ٹور اور میوزیم میں آنے والے تمام وزیٹرز کے لیے مفت داخلہ شامل تھے۔
یہ تقریبات عالمی ورثہ کے دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور تاریخی و ثقافتی شعور بیدار کرنے کے لیے منعقد کی گئیں۔ میوزیم سے لائبریری چوک تک ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر ربانی نے کہا کہ:
“ورثے کا تحفظ متمدن اقوام کی پہچان ہوتا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک اپنی ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھ کر اپنی تاریخ کو نسل در نسل منتقل کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی عمارات، آثارِ قدیمہ اور دیگر باقیات ہر قوم کی تہذیب اور شناخت کی نمائندگی کرتی ہیں، اور ان کا تحفظ ایک قومی فریضہ ہے۔
تقریب کے دوران آثارِ قدیمہ گیلری میں گنویری والا کے مقام پر ہونے والی کھدائی پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ محمد زبیر ربانی نے بتایا کہ یونیسکو کی جانب سے نصف صدی قبل اس دن کو منانے کا آغاز ہوا، اور آج یہ دن دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے تاکہ تاریخی ورثے کی اہمیت اجاگر ہو اور یہ یادگاریں تباہی اور خستہ حالی جیسے خطرات سے بچائی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہاول پور خطہ قدیم تہذیبوں کا گہوارہ رہا ہے، اور یہاں کے آثار آج بھی ہمارے شاندار ماضی کی گواہی دیتے ہیں۔ بہاول پور میوزیم ثقافت، تمدن اور ورثے کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔
کیپشنز:
ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر میوزیم کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی واک کی قیادت کر رہے ہیں۔
عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر میوزیم میں آنے والے وزیٹرز کو سٹاف کی جانب سے گائیڈ ٹور فراہم کیا جا رہا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں