0

کسان کی خوشحالی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (نیا محاذ) – وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی براہ راست کسان کی خوشحالی سے منسلک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا ہمیشہ سے منشور رہا ہے کہ کسان کو اس کی محنت کا مکمل اور جائز معاوضہ دیا جائے۔
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کے لیے تاریخی سپورٹ پیکج کے اعلان کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے پانچ لاکھ کسانوں کو 15 ارب روپے کی براہ راست مالی امداد دینا قابل ستائش اقدام ہے، جس سے دیہی معیشت کو استحکام ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبیانہ اور فکس ٹیکس میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کسانوں کے لیے ریلیف کا پیغام ہے، جبکہ چار ماہ کی مفت گندم اسٹوریج سہولت موسمی اثرات اور مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے کسانوں کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی، خصوصاً گندم اور گندم سے بنی اشیاء کی برآمدات کے ضمن میں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان ملک کی معیشت کا ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی خوشحالی ہی پاکستان کی خود کفالت اور ترقی کی راہ ہموار کرتی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پنجاب کی زراعت کے لیے نئی امید اور نئی روشنی کا پیغام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں