کراچی (نیا محاذ) – ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں آج ایک اور دلچسپ مقابلہ متوقع ہے، جہاں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔
یہ مقابلہ رات 8 بجے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت نوجوان اور پر اعتماد سعود شکیل کے ہاتھوں میں ہے، جبکہ کراچی کنگز کو عالمی شہرت یافتہ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر لیڈ کر رہے ہیں۔
ایونٹ کی موجودہ صورتحال پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد یونائیٹڈ تین کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ لاہور قلندرز نے تین میچز میں سے دو جیت کر چار پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
ادھر ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں تاحال اپنی پہلی فتح کی منتظر ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 10 میں کوئی میچ شیڈول نہیں تھا، جس کی وجہ سے شائقین آج کے میچ کو لے کر خاصے پرجوش ہیں۔
