اسلام آباد (نیا محاذ) – پاکستانی آئی ٹی سیکٹر نے ایک بار پھر اچھی خبر سنا دی ہے، کیونکہ ملکی آئی ٹی برآمدات میں تسلسل کے ساتھ نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2025ء میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات بڑھ کر 34 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو کہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے تقریباً 12 فیصد زیادہ ہیں۔
صرف ماہانہ نہیں، بلکہ سالانہ بنیادوں پر بھی آئی ٹی برآمدات میں قابل ذکر اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں آئی ٹی ایکسپورٹس بڑھ کر 2 ارب 82 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گئیں، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2 ارب 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھیں۔ یوں 24 فیصد کا سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس شاندار ترقی کی ایک بڑی وجہ فری لانسرز کو فراہم کی جانے والی سرکاری سہولیات ہیں، جن کی بدولت پاکستان کے آئی ٹی ماہرین اور نوجوان عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ مضبوط بنا رہے ہیں۔
پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری کا یہ تسلسل ملک کی معیشت کے لیے نہایت امید افزا ہے اور مستقبل میں اس میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
