حیدرآباد (نیا محاذ) – سوشل میڈیا کا جنون ایک بار پھر انسانی جانوں کا خراج لے گیا۔ حیدرآباد میں دو نوجوان طالبات ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ریلوے ٹریک پر ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آٹوبھان روڈ پر واقع بابن شاہ ریلوے ٹریک پر پیش آیا، جہاں دونوں طالبات ایک ویڈیو بنانے کے لیے ریلوے لائن پر چڑھ گئیں۔ ٹرین کی آمد کا اندازہ نہ ہو سکا اور لمحوں میں یہ واقعہ جان لیوا حادثے میں تبدیل ہو گیا۔
جاں بحق طالبات کی شناخت 22 سالہ سونی دختر کشن لعل اور 25 سالہ رشنا دختر محمد قاسم کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں طالبات ایک نجی تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم تھیں اور گاؤں وانکی وسی سے تعلق رکھتی تھیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
شہری حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی ذمہ دارانہ سوشل میڈیا کے استعمال پر زور دیا جا رہا ہے، تاکہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات سے بچا جا سکے۔
