واشنگٹن (نیا محاذ) – امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ امریکا پوری دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پر جاری کوششوں میں شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیمی بروس نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور اگلے ہفتے روم میں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے اور نیٹو کو مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتا ہے۔
ترجمان نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ چین کی بعض کمپنیاں حوثی باغیوں کو امیج سیٹلائٹ فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس معاملے پر چین سے بات چیت کر رہا ہے تاکہ اس خطرناک تعاون کو روکا جا سکے۔
غزہ کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا وہاں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ عالمی امن کے لیے پُرعزم ہیں۔
یوکرین جنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جنگ پاگل پن بن چکی ہے اور امریکا اس کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں روس کے امن کے ارادے بھی کھل کر سامنے آ جائیں گے۔
