اسلام آباد (نیا محاذ) – اسلام آباد ہائیکورٹ نے جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت صحافیوں کے تحفظ کے لیے کمیشن کے قیام کی درخواست پر جلد سماعت کی متفرق درخواست منظور کر لی ہے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے عدالت کو بتایا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ صحافیوں کو ان کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران مکمل قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یہ قانون صحافیوں کو بغیر کسی دباؤ اور مداخلت کے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا حق دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس ایکٹ کے تحت فوری طور پر ایک بااختیار تحقیقی و تحفظاتی کمیشن قائم کیا جائے۔
عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد جلد سماعت کی درخواست منظور کر لی اور ہدایت کی کہ کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
