0

ٹرمپ کا ہارورڈ پر سخت وار: “یہ ادارہ نفرت اور حماقت سکھاتا ہے”

واشنگٹن (نیا محاذ) – سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کی معروف ترین تعلیمی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ اب کسی صورت وفاقی فنڈنگ کا مستحق نہیں رہا، کیونکہ یہ نفرت اور حماقت کو فروغ دیتا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ہارورڈ اب معیار کا حامل ادارہ نہیں رہا، اسے دنیا کی عظیم یونیورسٹیوں کی فہرست سے نکال دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ یونیورسٹی ایک مذاق بن چکی ہے”۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ہارورڈ یونیورسٹی نے حکومتی دباؤ کے باوجود اپنے انتظامی اور تعلیمی معاملات میں مداخلت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق ہارورڈ کی 2.2 ارب ڈالر کی وفاقی فنڈنگ پہلے ہی منجمد کی جا چکی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز یونیورسٹی کو دھمکی دی کہ اس کی غیر منافع بخش ادارے کی حیثیت سے حاصل ٹیکس چھوٹ بھی ختم کر دی جائے گی، جب تک کہ وہ اپنی داخلہ پالیسی، فیکلٹی بھرتیوں اور نصاب میں بنیادی تبدیلیاں نہیں کرتا۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے اس معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ اپنی خودمختاری اور آئینی حقوق پر کسی صورت سودا نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو آزاد رہنے دینا جمہوریت کی روح ہے۔
ٹرمپ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہارورڈ سمیت دیگر یونیورسٹیاں مبینہ طور پر یہود مخالف جذبات کو ہوا دے رہی ہیں، خاص طور پر ان مظاہروں کے تناظر میں جو اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے خلاف امریکی کیمپسز پر کیے جا رہے ہیں۔
یہ تنازعہ امریکہ میں آزادی اظہار، حکومتی کنٹرول اور تعلیمی اداروں کی خودمختاری پر ایک نیا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں