کراچی (نیا محاذ) – لانڈھی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع برف کے کارخانے میں گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کارخانے کی چھت منہدم ہو گئی اور ملبے تلے دبنے سے 6 مزدور زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم جناح اسپتال پہنچتے ہی 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ دیگر چار زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان ہیں، تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ برف کے کارخانے میں گیس لیکیج کے باعث پیش آیا، جس کے بعد چھت گرنے سے مزدور ملبے تلے دب گئے۔
پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور واقعے کی جامع تفتیش جاری ہے۔
