پشاور (نیا محاذ) –وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور: پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 40 روز کے لیے حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس صلاح الدین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سنایا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور ایک اہم میٹنگ میں مصروف تھے، اس لیے پیش نہیں ہو سکے۔
عدالت نے نیب سے استفسار کیا کہ کیا تمام مقدمات کی تفصیلات موصول ہو چکی ہیں؟ نیب کے وکیل نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف صرف ایک انکوائری زیر التوا ہے۔ تاہم، درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف تھا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف مجموعی طور پر 66 مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے کہا کہ جتنا وقت آپ مانگ رہے ہیں، وہ فراہم نہیں کیا جا سکتا، تاہم بعدازاں 40 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی اور پولیس کو ہدایت دی گئی کہ اس دوران وزیر اعلیٰ کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
