0

اسلام آباد یونائیٹڈ کی دھواں دار فتح، پشاور زلمی کو 102 رنز سے شکست

راولپنڈی (نیا محاذ) –اسلام آباد یونائیٹڈ: پاکستان سپر لیگ 10 کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 102 رنز سے عبرتناک شکست دے دی۔
243 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 19ویں اوور میں صرف 141 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد حارث نے 87 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، مگر دوسرے بیٹرز مکمل طور پر ناکام رہے۔ بابر اعظم صرف 1، صائم ایوب 6، مچل اوون 10، کوہلر-کیڈمور 8، حسین طلعت 13 اور باقی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔
اسلام آباد کی بولنگ بھی لاجواب رہی۔ عماد وسیم نے 3، شاداب خان اور بین ڈوارسہوئس نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ، جیسن ہولڈر اور سعد مسعود نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 243 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ کولن منرو نے 40، اعظم خان نے 16، سلمان آغا نے 30 رنز بنائے۔ جیسن ہولڈر 20 اور بین ڈوارسہوئس 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف اور حسین طلعت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، لیکن کوئی بھی بولر اسلام آباد کے بلے بازوں کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی یہ جیت پی ایس ایل 10 کی اب تک کی سب سے بڑی فتح ثابت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں