واشنگٹن: (نیا محاذ)صدر ڈونلڈ ٹرمپ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد وائٹ ہاؤس میں اپنا پہلا طبی معائنہ کرایا، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹروں نے انہیں ذہنی و جسمانی طور پر مکمل فٹ قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 78 سالہ صدر ٹرمپ معائنے کے بعد مزید فعال دکھائی دے رہے ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق وہ کمانڈر انچیف کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کرنے کے اہل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے اپنی صحت کی بہتری کی رپورٹس ایسے وقت میں پیش کی ہیں جب وہ اکثر اپنے 82 سالہ سیاسی حریف جوبائیڈن کو صحت کے حوالے سے نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی جلد کو معمولی نقصان ہوا ہے، جو دھوپ کی زیادتی کی وجہ سے ہوا، جبکہ دایاں کان حملے میں گولی لگنے کے باعث قدرے حساس ہو چکا ہے، تاہم ان مسائل کو سنگین نہیں سمجھا جا رہا۔
صدر ٹرمپ نے طبی معائنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ خود کو بہترین صحت میں محسوس کر رہے ہیں اور صدارت کے فرائض بھرپور طریقے سے نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ ٹرمپ پر ماضی میں یہ الزام لگتا رہا ہے کہ وہ اپنی صحت سے متعلق معلومات عوام سے چھپاتے ہیں، حالانکہ بطور صدر ان کی صحت سے قومی سلامتی بھی جُڑی ہوتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی فزیشن ڈاکٹر سین باربیلا جلد مکمل میڈیکل رپورٹ جاری کریں گی، جس میں صدر کی ذہنی و جسمانی حالت کا مکمل احاطہ کیا جائے گا۔
