فیصل آباد: (نیا محاذ) جڑانوالہ میں فائرنگ: پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے علاقے ستیانہ روڈ پر پیش آیا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کے فوری بعد 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو اسپتال جڑانوالہ منتقل کیا گیا، جہاں ایک اور شخص جانبر نہ ہو سکا اور اس طرح ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، پولیس نے بتایا کہ مخالفین کی جانب سے سابقہ دشمنی کی بنیاد پر یہ حملہ کیا گیا۔
سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے، جبکہ خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو جلد حملہ آوروں کو قانون کی گرفت میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
