0

محمد رضوان: “میں صرف ٹیم کا نہیں، 25 کروڑ پاکستانیوں کا بھی کپتان ہوں”

کراچی: (نیا محاذ)محمد رضوان، قومی کرکٹ ٹیم اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ وہ صرف اپنی ٹیم نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز کے خلاف میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان نے کہا کہ ہم اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ چکے ہیں اور آئندہ ان کو دہرانے سے گریز کریں گے۔
انہوں نے مداحوں کی ناراضی کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ “فینز کی خفگی بجا ہے، ہم اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکے، لیکن تنقید کے ساتھ ساتھ ہمیں بے پناہ محبت بھی ملی ہے۔”
محمد رضوان نے کہا کہ تنقید اگر اصلاح کی نیت سے ہو تو فائدہ مند ہے، لیکن صرف تنقید کرنے سے نفرت کو ہوا ملتی ہے۔ انہوں نے سابق کپتان شاہد آفریدی کے تبصرے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “ان کے الفاظ میرے حق میں ہیں، لیکن بطور کپتان مجھ سے اختیارات کے حوالے سے سوال نہیں ہونا چاہیے۔”
رضوان نے قومی سلیکشن کے معاملے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی کے پاس کیا اختیارات ہیں، اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ملتان سلطانز میں مجھے مکمل اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا، “مجھے فخر ہے کہ میں سچ بولتا ہوں۔”
اپنی تعلیمی کمی کا ذکر کرتے ہوئے رضوان نے اعتراف کیا کہ “اگرچہ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نہیں، مگر میری توجہ کرکٹ پر ہے۔ انگریزی زیادہ اچھی نہیں آتی، اگر انگریزی پر زور ہوتا تو شاید میں پروفیسر بن جاتا۔”
کراچی کنگز سے متعلق گفتگو میں رضوان نے کہا کہ “کراچی کنگز ایک مضبوط ٹیم ہے، ان کے پاس باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ ملتان سلطانز بھی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہے، اور کسی بھی ٹیم کی کامیابی اس کے کمبی نیشن پر منحصر ہوتی ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں