غزہ: (نیا محاذ) اسرائیلی بربریت جاری،دہشت گرد اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی پر مبنی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں روز بروز شدت آ رہی ہے۔ تازہ حملے میں جنوبی غزہ کو نشانہ بنایا گیا جہاں 10 مزید فلسطینی شہید ہو گئے۔
خان یونس پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں 7 بچوں سمیت 10 معصوم جانیں لقمہ اجل بن گئیں۔ شمالی غزہ میں بھی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اب تک جاری جنگ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 50 ہزار 886 تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فورسز نے کئی گھروں کو نذر آتش کر دیا، جس سے خوف و ہراس میں مزید اضافہ ہو گیا۔
سعودی عرب نے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بےدخل کرنے کی کسی بھی تجویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے عالمی سطح پر واضح پیغام دیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ غزہ میں فوری اور مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے شہریوں کو انسانی امداد سے محروم کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
