0

چوری کے بعد معافی نامہ، چور کی انوکھی واردات

نیا محاذ –چوری کے بعد معافی نامہ، بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک دلچسپ اور انوکھی چوری کی واردات سامنے آئی ہے جہاں چور دکان سے لاکھوں روپے چرا کر نہ صرف معافی مانگ گیا بلکہ رقم واپس کرنے کی یقین دہانی بھی کرا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ضلع کھرگون کے علاقے جمیندر محلہ جوجر میں واقع ایک دکان سے چور نے دو لاکھ 46 ہزار روپے چرا لیے، مگر جاتے جاتے ایک خط بھی چھوڑ گیا، جس میں اس نے مالی مجبوری کے باعث چوری کرنے کا اعتراف کیا۔
دکان کے مالک کے مطابق، اگلی صبح جب اس نے دکان کھولی تو پیسے غائب تھے اور ایک خط رکھا ہوا تھا۔ اس خط میں چور نے لکھا کہ وہ قرض دہندگان کے دباؤ کی وجہ سے مجبور ہوا اور وعدہ کیا کہ وہ چھ ماہ کے اندر اندر پوری رقم واپس کر دے گا۔
چور نے خط میں یہ بھی لکھا کہ وہ دکاندار اور اس کے بیٹے سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہے اور صرف وہی رقم لے کر گیا ہے جو اسے قرض ادا کرنے کے لیے چاہیے تھی، باقی سامان یا پیسوں کو ہاتھ نہیں لگایا۔ چور نے 37 ہزار روپے بھی چھوڑ دیے جو ایک تھیلے میں موجود تھے۔
متاثرہ دکاندار کے مطابق، اس سے قبل عید کے موقع پر بھی اسی دکان میں 85 ہزار روپے کی چوری ہو چکی ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم یہ واقعہ اپنی نوعیت کا ایک انوکھا اور جذباتی پہلو رکھنے والا کیس بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں