نیامحاذ:اسلام آباد: گرین بانڈز کا اجرا، حکومت پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 30 ارب روپے مالیت کے گرین بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ بانڈز عالمی مالیاتی ادارے (IMF) کی مشاورت سے جاری کیے جائیں گے، جن کی مدت 3 سال ہوگی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ان بانڈز کا اجرا ممکن بنایا جائے گا۔ گرین بانڈز کے ذریعے حاصل ہونے والے فنڈز کو کلائمیٹ چینج پروجیکٹس کی تکمیل میں استعمال کیا جائے گا، تاکہ پاکستان ماحولیاتی خطرات سے بہتر انداز میں نمٹ سکے۔
ذرائع کے مطابق، IMF کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (RSF) کے تحت پہلی قسط حاصل کرنے کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی ذرائع سے مالی معاونت حاصل کرے گا اور ان منصوبوں کو مکمل کرے گا۔
علاوہ ازیں، چینی مارکیٹ میں 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز کے اجرا کی تیاری بھی کی جا رہی ہے، جو ممکنہ طور پر نومبر یا دسمبر میں فلوٹ کیے جائیں گے۔ تاہم، مالی سال 2024-25 کے دوران ان بانڈز کے اجرا کا امکان کم دکھائی دے رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جولائی میں اپنے دورہ چین کے دوران چائنا ایکسپورٹ اینڈ کریڈٹ انشورنس کارپوریشن سے ان بانڈز کے لیے گارنٹی کی درخواست بھی کی تھی، اور مشیر بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت 1 ارب ڈالر کا یورو بانڈ اور 30 کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرنا منصوبے میں شامل تھا، مگر اب اس پر فوری عمل درآمد مشکل ہو چکا ہے۔
آئی ایم ایف نے واضح کیا ہے کہ 1.3 ارب ڈالر کی مکمل رقم حاصل کرنے کے لیے 13 اہداف پر عملدرآمد ضروری ہے، جبکہ ماحولیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ بھی براہ راست آئی ایم ایف کرے گا۔
